ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آتشی وزیر اعلیٰ اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے نبھائیں، دہلی کے مسائل حل کریں: دیویندر یادو

آتشی وزیر اعلیٰ اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی سے نبھائیں، دہلی کے مسائل حل کریں: دیویندر یادو

Wed, 25 Sep 2024 11:02:35    S.O. News Service

نئی دہلی، 25/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے آج ایک بار پھر نومنتخب وزیر اعلیٰ آتشی پر تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ آتشی اس وقت ڈرامہ بازی میں مصروف ہیں۔ انھوں نے نشاندہی کی کہ دہلی اسمبلی کے دو روزہ اجلاس 26 اور 27 ستمبر کے لیے ایجنڈا طے کرنے اور راجدھانی کے مختلف مسائل کے حل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ آتشی کا کیجریوال کے لیے وزیر اعلیٰ کی کرسی خالی رکھنا ایک بے ہودہ ڈرامہ ہے، اور لوگ اس لاپرواہی کا مذاق بنا رہے ہیں۔

دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ آتشی کو دہلی کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ گزشتہ ایک ہفتہ میں 300 سے زیادہ ڈینگو کے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس سے ڈینگو کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1229 ہو گئی ہے اور 43 چکن گنیا کے معاملے میں بھی سامنے آ چکے ہیں۔ تباہ نظامِ صحت کو ٹھیک کرنے اور دہلی کی عوام کو بچانے کے لیے حکومت کو ترجیحی بنیاد پر کام کرنا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال 2023 میں ستمبر ماہ کی بات کی جائے تو صرف 294 کیسز تھے۔ یہ افسوسناک ہے کہ دہلی کے اسپتالوں میں ڈینگو و چکن گنیا کے مریضوں کے لیے ضروری دوائی تک نہیں ہے۔

آتشی کو ان کی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ نومنتخب وزی راعلیٰ کے پاس جن 13 محکموں کی  ذمہ داری ہے، ان پر توجہ مرکوز کر کے دہلی کی ترقی کی طرف دھیان دینا چاہیے۔ آتشی کی اعلیٰ ترجیحات میں یہ شامل ہونی چاہیے کہ وہ دہلی حکومت کی بدعنوانی کو ختم کر کے حکومت کو بدعنوانی سے پاک بنائیں۔ دیویندر یادو نے یہ بھی کہا آتشی کو چاہیے کہ وہ سی اے جی کی 11 رپورٹ کو اسمبلی میں رکھ کر برسرعام کریں۔ اگر ان 11 محکموں میں بدعنوانی ہوئی ہے تو دہلی والوں کو پتہ ہونا چاہیے۔


Share: